پنجاب کے رانا عرفان نے پہلی علی اصغر ولیکا آل پاکستان سنوکر چیمپئن شپ جیت لی

فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد مبشر رضا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا
مہمان خصوصی چیئرمین پی آئی اے عارف حبیب نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے

ورلڈ ہوم سنوکر کے زیر اہتمام پہلی علی اصغر ولیکا آل پاکستان سنوکر چیمپئن شپ پنجاب کے رانا عرفان نے جیت لی۔ فائنل میچ میں رانا عرفان نے مبشر رضا کو تین کے مقابلے میں چار فریم سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رانا عرفان نے فائنل میں دو سنچری بریک کھیلی جس۔کے باعث حریف کھلاڑی دباؤ کا شکار ہوۓ ۔ دوسرے فریم میں 139 اور ساتویں فریم میں ایک سو چھبیس کا فاتحانہ بریک بناکر ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔ مبشر رضا نے بھرپور مزاحمت کی لیکن وہ فتح سے ایک قدم دور رہے ۔

ایک سو انتالیس کا رانا عرفان کا بریک ایونٹ کا سب بڑا بریک ثابت ہوا۔ انہیں کئی سنوکر لورز کی جانب سے نقد انعامات بھی دیے گئے ۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی چیئرمین پی آئی اے عارف حبیب نے انعامات تقسیم کیے۔ عارف حبیب نے فاتح کھلاڑی کے لیے تین لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ نیا ناظم آباد نے ایک زبردست ایونٹ کی میزبانی کی ۔ کھیلوں کو فروغ دینے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ علی اصغر ولیکا کی سںنوکر کے فروغ میں خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ اس موقع پر علی اصغر ولیکا کے چھوٹے بھائی عباس ولیکا، سابق عالمی چیمپئن محمد یوسف، ورلڈ ہوم سنوکر کے بانی وقار عالم، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد وقاص، نوین پروانی، نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ، منیجر محمد آصف اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔