زیورخ( فیفا)فیفا کونسل کے بیورو نے پہلے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول کی میزبانی آذربائیجان کو سونپ دی ہے۔فیفا کے مطابق نوجوان فٹبالرز کے لیے یہ نیا عالمی ٹورنامنٹ 22 سے 31 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوگا، جس میں فیفا کی تمام رکن ایسوسی ایشنز کی انڈر 15 لڑکوں کی قومی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
فیفا نے بتایا ہے کہ 2027 کا ایڈیشن صرف انڈر 15 لڑکیوں کی قومی ٹیموں کے لیے مخصوص ہوگا، جبکہ 2028 سے لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ عالمی ٹورنامنٹس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔
عالمی فٹبال تنظیم نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آذربائیجان 2027 کے فیفا انڈر 20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی بھی کرے گا۔فیفا کونسل کے بیورو نے اپنے اجلاس میں فیفا آسیان کپ کے ضوابط کی بھی منظوری دے دی۔ اس نئے مقابلے کا پہلا ایڈیشن رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں کھیلا جائے گا۔

