پیپلز پارٹی کا گورنر راج کی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے قانون سازی کا بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی قرارداد کے حق میں ووٹ دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔پیپلز پارٹی نے قانون سازی کے بائیکاٹ کے خاتمے کا فیصلہ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف قوانین کی منظوری میں تعاون کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔