تیرہویں میچ میں ملتان سلطان نے بھی چھ وکٹوں سے ہرا دیا
فاتح ٹیم کے محمد نواز پلیئر آف دی میچ قرار پاۓ، 4 اوورز میں 30 رنزکے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں
پوائنٹس ٹیبل پر 4 میچز کھیلنے کے بعد ملتان سلطانز کے 6 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 2 پوائنٹس ہیں
پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شکست کی تصویر بن کر رہ گئی ایونٹ کے تیرہویں میچ میں ملتان سلطانز نے بھی 6 وکٹوں کے بڑے مارجن سے ہرا دیا ۔میچ کی خاص بات کپتان سٹیو سمتھ ،صاحبزادہ فرحان ،سعود شکیل کی شاندار بیٹنگ اور مین آف دی میچ محمد نواز کی شاندار بولنگ تھی۔ ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166رنز بناۓ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر خواجہ نافع نے اننگ کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنالیاپہلے ہی اوور میں ملتان سلطانز کے باؤلر کو چھکا جڑ دیا پھر دوسرے اوور میں بھی باونڈری لگا دی لیکن بدقسمتی سے ان کا یہ انداز مزید نہ جم سکا اور خواجہ نافع دوسرے اوور میں ہی محمد نواز کی گیند پر 12 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اننگ کے تیسرے اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری قیمتی وکٹ گر گئی جب اوپنر شمائل حسین 2 رنز بنا کر ایشٹن ٹرنر کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گۓ۔
ان کے حسن نواز اورکپتان سعود شکیل نے ٹیم کے مجموعی سکور کو سنبھالا دیا سعود شکیل اور حسن نواز کے درمیان 55 رنز کی پارٹنر شپ بنی حسن نواز 3 چوکوں کی مدد سے عرفات منہاس کی گیند پر وکٹ کیپر جوش فلپ کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گۓ اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور 70 رنز تھا۔ان کے بعد ریلی روسو بیٹنگ کیلۓ آۓ لیکن وہ سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کر کے عرفات منہاس کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین کی راہ لی۔
کپتان سعود شکیل بدستور قائدانہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوۓ سکور کو آگے بڑھاتے رہے بھرپور جارحانہ سٹروکس کھیلے وہ 6 چوکوں اور ایک چھکے مدد سے 56رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر سٹیو سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گۓ ٹیم کا سکور آگے بڑھانے میں بیون جیکبز نے ان کا ساتھ دیا دونوں کی پارٹنرشپ میں 47 رنز بنے۔جیکبز نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ 49 رنز بناۓ اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے لیکن ٹیم کے سکور میں اچھا اضافہ کیا۔

احمد دانیال نے 9 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بناۓ انہیں مسل پل ہونے کے باعث ریٹائرڑ ہرٹ ہونے پر پویلین پہنچا دیا گیا۔ ملتان سلطانز کی طرف سے محمد نواز نے 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض تین بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عرفات منہاس نے 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں اور کپتان ایشٹن ٹرنر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 167 رنز کا ٹارگٹ دیا۔جو ملتان سلطانز نے17.3 اوورز میں پورا کر لیا۔اور پی ایس ایل میں تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو سمتھ نے اننگ کا آغاذ جارحانہ کیا دونوں نے آزادانہ سٹروکس کھیلے اور گیند کو بار بار باونڈری لائن کی راہ دکھاتے رہے اور ٹیم کے سکور میں بھرپور اضافہ کرتے رہے۔جب مجموعی سکور چھٹے اوور میں 71 رنز پر پہنچا تو ملتان سلطانز کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر صاحبزادہ فرحان الزاری جوزف کی گیند پر چھکا لگانے کے چکر میں ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گۓ انہوں نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناۓ اسٹیوسمتھ اور صاحبزادہ کے درمیان 71 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔
بعد میں جوش فلپ کھیلنے آۓ لیکن وہ 18 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔بعد میں شان مسعود اور سٹیون سمتھ سکور ٹارگٹ کی طرف بڑھاتے رہے لیکن 14ویں اوور میں ملتان سلطانز کی قیمتی میچ وننگ وکٹ گر گئ جب سٹیون سمتھ شاندار نصف سنچری بنا کر حسن نواز کی گیند پر متبادل فیلڈر ثاقب کے ہاتھوں بالکل باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگۓ انہوں نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز بناۓ لیکن سمتھ جاتے جاتے ٹیم اسکور مطلوبہ ٹارگٹ کے قریب قریب کر گۓ۔
بعد میں شان مسعود اور کپتان ایشٹن ٹرنر کا ساتھ میچ جیتنے تک رہا شان مسعود نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 ناٹ آؤٹ جبکہ کپتان ایشٹن ٹرنر نے 4 رنز ناٹ آؤٹ بناۓ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے حسن نواز نے دو جبکہ سعود شکیل اور الزاری جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں ملتان سلطانز نے 6 وکٹوں سے میچ جیت کر پی ایس ایل میں تیسری کامیابی حاصل کر لی۔پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز نے اب تک 4 میچ کھیلے 3 جیتے ایک ہارا 6 پوائنٹس جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی اب تک 4 میچ کھیلے ایک جیتا 3 ہارے 2 پوائنٹس ہیں۔

