پی ایچ ایف نے جدید جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ سسٹم متعارف کرا دیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی اور فٹنس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے کھلاڑیوں کی جسمانی کارکردگی، ورک لوڈ اور ریکوری کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔

پی ایچ ایف کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کھلاڑیوں کی فٹنس، رفتار، دوڑنے کا فاصلہ، جسمانی دباؤ، ورک لوڈ اور ریکوری سے متعلق مکمل ڈیٹا حاصل کیا جا سکے گا، جس کی مدد سے کوچنگ اور میڈیکل اسٹاف ہر کھلاڑی کی جسمانی حالت کا زیادہ مؤثر انداز میں تجزیہ کر سکے گا۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہر کھلاڑی کے لیے الگ اور انفرادی نوعیت کا ٹریننگ پروگرام تیار کیا جائے گا تاکہ اس کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے۔ اس جدید نظام سے کھلاڑیوں پر غیر ضروری جسمانی دباؤ کم کرنے، انجریز کے خطرات میں کمی لانے اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

پی ایچ ایف کے مطابق جدید جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ سسٹم قومی ٹیم کی تیاریوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے کوچز کو کھلاڑیوں کی فٹنس اور میچ کے دوران ان کی کارکردگی سے متعلق درست اور بروقت معلومات دستیاب ہوں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مزید بتایا کہ قومی ٹیم میں اس منصوبے کے کامیاب نفاذ کے بعد اس جدید ٹیکنالوجی کا دائرہ کار جونیئر قومی ٹیموں اور ڈیولپمنٹ اسکواڈز تک بھی بڑھایا جائے گا، تاکہ نوجوان کھلاڑی بھی جدید سائنسی تربیتی نظام سے مستفید ہو سکیں اور مستقبل میں قومی ہاکی کے معیار کو مزید بلند کیا جا سکے۔