چائلڈ اداکار یودھویر اہلاوت نے وجے، ایشوریا رائے اور شاہ رخ خان کو پیچھے چھوڑ دیا

ممبئی( آئی ایم ڈی بی، بھارتی میڈیا)ایک حالیہ ہفتہ وار درجہ بندی میں اداکار یودھویر اہلاوت نے مقبولیت کے اعتبار سے کئی بڑے بھارتی ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

آئی ایم ڈی بی کی اس ہفتے جاری ہونے والی فہرست میں یودھویر اہلاوت نے پہلا نمبر حاصل کیا، جبکہ اس فہرست میں جنوبی بھارتی اداکار وجے، اداکارہ ایشوریارائے، جونیئر این ٹی آر اور بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان جیسے بڑے نام بھی شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق آئی ایم ڈی بی کی درجہ بندی ہر ہفتے ان شخصیات کے پروفائل وزٹس کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے، جس میں عموماً نئی ریلیز ہونے والی فلموں یا پروجیکٹس سے جڑے فنکار نمایاں رہتے ہیں۔

یودھویر اہلاوت حال ہی میں فلم “کرتویا” میں ایک معاون کردار میں نظر آئے تھے، جس کے بعد انہیں آن لائن پلیٹ فارمز پر خاصی توجہ حاصل ہوئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق خود یودھویر اہلاوت نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ اگرچہ وہ کم عمر دکھائی دیتے ہیں، تاہم وہ نابالغ نہیں بلکہ ان کی عمر 33 سال ہے، جس کے بعد ان کے “چائلڈ ایکٹر” ہونے سے متعلق تاثر پر بھی سوالات اٹھے ہیں۔