راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ چاہنے والے آج بھی سوال کرتے ہیں کہ جنرل ضیا الحق کے قاتلوں کا پتہ لگا یا نہیں؟
راولپنڈی میں اپنے بھائی انوار الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ سانحہ بہاولپور سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ بہاولپور کی تحقیقات کیلئےجوڈیشل کمیشن سمیت 3 کمیشن قائم کیے گئے تھے۔
اعجاز الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ بہاولپور سے متعلق تمام رپورٹس منظر عام پر لائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ نے کہا کہ یہ ان کی اپنی غلطی ہے کہ وہ اسمبلی اور کمیٹیوں کو چھوڑ کر چلے گئے، جہاں خلا چھوڑا جائے گا اسے کسی نہ کسی کو پُر کرنا ہوگا۔

