چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی ملاقات

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور کینیڈا کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت، زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے ذریعے پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری امن، مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن، پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے کینیڈا کے ساتھ کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر خارجہ انیتا آنند کا یہ دورہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔