چین میں چپ مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگیا

بیجنگ(چینی میڈیا) چین میں چپ مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگیا، رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران چین کی انٹیگریٹڈ سرکٹس کی برآمدات تقریباً دگنی ہوگئیں۔

چینی حکام کے مطابق جنوری سے جولائی کے دوران انٹیگریٹڈ سرکٹس کی سالانہ برآمدات میں 99.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں سال کے پہلے 7 ماہ میں انٹیگریٹڈ سرکٹس کی برآمدات 216 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں۔

ماہرین کے مطابق چینی چپس کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کی بڑی وجوہات میں تکنیکی پیش رفت اور سپلائی چین میں بہتری شامل ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب بھی چینی چپ مصنوعات کی مانگ میں اضافے کا اہم سبب ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی جدید چپس کی مانگ میں مسلسل اضافے سے عالمی مارکیٹ میں مسابقت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ان کے مطابق چپ مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں مسابقت بڑھنے سے گاڑیوں، موبائل فونز، صنعتی مشینری اور دیگر الیکٹرانکس کی پیداواری لاگت میں کمی آسکتی ہے۔

چین کی چپ برآمدات میں حالیہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک مصنوعات کیلئے سیمی کنڈکٹرز کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔