چیک ری پبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، ایک فوجی ہلاک، 3 زخمی

پراگ (رائٹرز، اے ایف پی، چیک نیوز ایجنسی سی ٹی کے) چیک ری پبلک کے مشرقی علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے وینم (Venom) فوجی ہیلی کاپٹر میں 5 فوجی سوار تھے۔چیک فوج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ بدھ کے روز وینم فوجی ہیلی کاپٹر پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر گر کر تباہ ہوا۔

علاقائی ریسکیو سروس کے مطابق حادثے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔چیک فوج نے تاحال حادثے کی وجوہات یا اس کے حالات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔