ڈھاکا ٹیسٹ: بنگلادیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے دی

ڈھاکا( کرک انفو، اے ایف پی)ڈھاکا ٹیسٹ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 163 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ عبداللّٰہ فضل 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سلمان علی آغا 26 رنز بنا سکے۔پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری جب امام الحق 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 57 رنز پر گری جب اذان اویس 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شان مسعود بھی صرف 2 رنز بنا سکے۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور تیج الاسلام نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بنگلادیش نے دوسری اننگز 9 وکٹوں پر 240 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی اور پاکستان کو جیت کیلئے 268کا ہدف دیا تھا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے نجم الحسن شانتو 87 اور مومن الحق 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے 3، 3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز 386 رنز پر ختم ہوئی تھی، یوں میزبان ٹیم کو 27 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔