کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے زمبابوے ویمن ٹیم کو پہلے ایک روزہ میچ میں 168 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔کراچی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا.
اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے 162 رنز کی مضبوط شراکت قائم کر کے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔گل فیروزہ نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صدف شمس سنچری مکمل کرنے سے صرف 2 رنز کی کمی سے محروم رہیں، انہوں نے 98 رنز کی جارحانہ اننگز میں 17 چوکے لگائے۔
سدرہ امین نے 67 رنز بنائے جبکہ نجیہہ علوی 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، زمبابوے کی جانب سے پریشش میرینج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمن ٹیم 37ویں اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بی لووڈ بزا نے 53 اور کیلیس نے 31 رنز اسکور کیے۔
پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے تسمیہ رُباب، فاطمہ ثنا اور عروب شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔

