کراچی (بیورورپورٹ) کراچی میں جشنِ آزادی کے موقع پر مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 93 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق رات 12 بجتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی، جس کے نتیجے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق پاپوش نگر کے علاقے صرافہ بازار میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک خاتون شدید زخمی ہوئی، جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
فائرنگ کے واقعات نیو کراچی، پاپوش نگر، ناظم آباد، شارع نور جہاں، اورنگی ٹاؤن، میٹھادر، صدر، گزری، پرانی سبزی منڈی، لائنز ایریا، کورنگی، جمشید کوارٹرز، گلبہار، لیاری، مومن آباد اور دیگر علاقوں میں پیش آئے۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 4 سالہ علی اور 7 سالہ نورالعین سمیت کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔ مختلف علاقوں سے زخمیوں کو عباسی شہید، جناح اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق کینٹ اسٹیشن، نارتھ ناظم آباد، صدر، عزیز آباد، ملیر، تیموریہ، اورنگی ٹاؤن، پاک کالونی اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ہوائی فائرنگ کے باعث شہری زخمی ہوئے۔

