کراچی (نمائندہ خصوصی) نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر 11 بی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، زخمی شخص خود گاڑی چلا کر نجی اسپتال پہنچا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق شہری بینک سے رقم نکلوا کر نکلا تھا اور زخمی حالت میں اپنی گاڑی چلاتے ہوئے نجی اسپتال پہنچا، جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔ جاں بحق شخص کی شناخت صبیح صدیقی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر گاڑی کے باہر سے فائرنگ کے شواہد نہیں ملے، اس لیے واقعے کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق صبیح صدیقی کی گردن پر گولی لگی جو آرپار ہوگئی۔پولیس کے مطابق گاڑی کے اندر سے نائن ایم ایم پستول، 17 گولیاں اور 7 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم منظر یونٹ موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، فائرنگ کے حالات اور واقعے کی اصل نوعیت کا تعین مزید تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔

