لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 37ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ان کی پلے آف میں رسائی کی امیدیں ختم کرکےاپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنائے اور 6 وکٹیں گنوائیں۔ رائلی روسو نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان سعود شکیل نے 57 رنز اسکور کیے۔ دنیش چندیمل 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے جارحانہ آغاز کیا اور صرف 18.3 اوورز میں 196 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر نے 89 اور ریزا ہینڈرکس نے 87 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔
کوئٹہ کی جانب سے جہانداد خان نے واحد وکٹ حاصل کی جبکہ دیگر بولرز مہنگے ثابت ہوئے۔اس فتح کے بعد کراچی کنگز نے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے، تاہم پلے آف میں رسائی کا فیصلہ دیگر میچز کے نتائج پر منحصر ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

