کراچی: 6 سالہ بچے کے قتل کیس میں ملزم کے والد، چچا اور بھائی بھی گرفتار

کراچی (بیورورپورٹ) کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں 6 سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم حمزہ کے والد، چچا اور بھائی کو بھی جرم چھپانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے اہلِ خانہ نے واقعے کے بعد پولیس کو بروقت اطلاع نہیں دی اور مبینہ طور پر جرم چھپانے میں معاونت کی۔

پولیس نے مرکزی ملزم حمزہ کے ایک ساتھی اور پڑوسی دو بھائیوں کو بھی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے تمام ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مرکزی ملزم حمزہ نے مبینہ طور پر بچے کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلے میں تار ڈال کر قتل کیا اور لاش گھر کی الماری میں چھپا دی۔

تحقیقات کے مطابق جب بچے کے اہلِ خانہ نے اس کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی تو بعد ازاں ملزم نے بوری میں بند لاش گھر کی چھت سے ملحقہ خالی پلاٹ میں پھینک دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم حمزہ کو علاقہ مکینوں کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔