کرسٹیانو رونالڈو نے ایک میچ میں کئی ریکارڈ قائم کر دیے، ورلڈ کپ میں تاریخ رقم

ہوسٹن(فیفارپورٹ)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

NRG اسٹیڈیم، ہوسٹن میں‌کھیلے گئے میچ کے چھٹے منٹ میں گول اسکور کرکے رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ میں وہ پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کیا۔ انہوں نے 2006 سے 2026 تک ہر ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور ہر ایڈیشن میں کم از کم ایک گول ضرور کیا۔

بعد ازاں 39ویں منٹ میں ایک اور گول کے ساتھ انہوں نے ایک اور ریکارڈ قائم کیا اور ورلڈ کپ مقابلوں میں پرتگال کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ ان کے مجموعی گول 10 ہو گئے، جبکہ اس سے قبل یوسیبیو 9 گول کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے۔

اس میچ میں گول کرنے کے بعد رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے۔

41 سالہ رونالڈو نے اس میچ میں یہ بھی منفرد اعزاز حاصل کیا کہ وہ ایک طرف ورلڈ کپ میں پرتگال کیلئےسب سے کم عمر گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور دوسری طرف اسی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ عمر میں گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔