کیلگری (سی بی سی+سٹی نیوز) کرکٹ کینیڈا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان خان شہزاد کے خلاف کیلگری اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ لیگ سے مبینہ طور پر 2 لاکھ ڈالر کی خردبرد کے مقدمے میں کراؤن پراسیکیوٹر نے تمام الزامات واپس لے لیے۔
47 سالہ سلمان خان شہزاد پر مارچ 2025 میں 5 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی چوری اور فراڈ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یہ الزامات جنوری 2014 سے دسمبر 2016 کے دوران کیلگری اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ لیگ کے مالی معاملات سے متعلق تھے۔
مقدمے کی سماعت کے پہلے روز کراؤن پراسیکیوٹر پیٹر ہورچ عدالت میں پیش ہوئے اور الزامات واپس لے لیے۔ البرٹا کراؤن پراسیکیوٹر سروس کے مطابق استغاثہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قابلِ قبول تمام شواہد کا مسلسل جائزہ لے تاکہ یہ طے کیا جاسکے کہ مقدمہ چلانے کے لیے مطلوبہ معیار پورا ہوتا ہے یا نہیں۔
کراؤن پراسیکیوٹر نے قرار دیا کہ اس مقدمے میں عدالت میں کارروائی آگے بڑھانے کے لیے شواہد ناکافی ہیں۔
سلمان خان شہزاد کے وکیل جم لٹز نے کہا کہ ان کے مؤکل نے ابتدا ہی سے الزامات کی تردید کی تھی۔ ان کے مطابق تقریباً ایک سال تک شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کراؤن کی جانب سے الزامات واپس لینے پر ان کے مؤکل کو اطمینان ہوا۔
سلمان خان شہزاد کے خلاف الزامات 2017 میں کیلگری اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ لیگ کے مالی ریکارڈ کے جائزے کے بعد شروع ہونے والی پولیس تحقیقات کے نتیجے میں عائد کیے گئے تھے۔ پولیس کا الزام تھا کہ 2014 سے 2016 کے دوران تقریباً 2 لاکھ ڈالر تعمیراتی کاروباروں کو چیکس کے ذریعے ادا کیے گئے، تاہم ان ادائیگیوں سے متعلق بعض کام مکمل نہیں ہوئے یا مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں تھے۔ یہ الزامات عدالت میں ثابت نہیں ہوئے۔
سلمان خان شہزاد کو دسمبر 2025 میں کرکٹ کینیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔
اسی مقدمے میں کیلگری اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ لیگ کے سابق خزانچی سید وجاہت علی کے خلاف بھی چوری اور فراڈ کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جو رواں سال کے اوائل میں واپس لیے جاچکے ہیں۔سلمان خان شہزاد اب کرکٹ کینیڈا کے ساتھ اپنے معاہدے کے تحت واجب الادا تقریباً 4 لاکھ 75 ہزار ڈالر کے حصول کیلئےقانونی کوششیں کر رہے ہیں۔

