کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) سرانان کے علاقے سلیمان زئی میں نامعلوم مسلح افراد نے سڑک کی تعمیر کا کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، حملہ آور تعمیراتی مشینری کو بھی نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سلیمان زئی میں سڑک کی تعمیر پر مامور مزدور کام میں مصروف تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جاں بحق مزدوروں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے تعمیراتی مشینری کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا، تاہم واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔دریں اثنا آواران میں بھی مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ سوراب میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ ضیا لانگو نے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم پاکستانیوں کی شہادت دہشت گردی کے خلاف عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا واضح ثبوت ہے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

