کیلگری (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے اسپیشل اولمپکس سمر گیمز 2026ء میں ذہنی و نشوونما معذوری رکھنے والی خواتین کھلاڑیوں کی صحت کیلئے منفرد اقدام متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت انہیں درست سائز کی اسپورٹس برا مفت فراہم کرنے کے ساتھ چھاتی، ہڈیوں اور ماہواری کی صحت سے متعلق عملی آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔
یہ اقدام کینیڈا میں قومی سطح کے اسپیشل اولمپکس مقابلوں میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق غیر موزوں برا سے جسمانی تکلیف، جلد پر خراش، کمر پر دباؤ اور کھیلوں کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے، اسلئے کھلاڑیوں کو مناسب معاونت فراہم کرنیوالی برا کے انتخاب اور استعمال کی تربیت دی جا رہی ہے۔
اسپیشل اولمپکس کے صحت مند کھلاڑی پروگرام کے تحت خواتین کی صحت کے کلینک میں ڈاکٹر لورا سینٹ جان، ڈاکٹر پیٹریشیا ٹش ڈوئل بیکر اور ڈاکٹر تارا لی میک ہیو کی نگرانی میں کھلاڑیوں کو چھاتی کے سرطان کے خود معائنے، ہڈیوں کی مضبوطی اور ماہواری کی صحت کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ مختلف عملی سرگرمیوں اور ماڈلز کے ذریعے انہیں اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے اور کسی غیر معمولی کیفیت کی صورت میں بروقت مدد لینے کی تربیت دی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق ذہنی و نشوونمای معذوری رکھنے والی خواتین میں ماہواری اور ہڈیوں کی صحت کے حوالے سے تحقیق انتہائی محدود ہے، تاہم ابتدائی مشاہدات میں زیادہ خون بہنے، طویل ماہواری اور درد جیسے مسائل سامنے آئے ہیں۔ ماہواری میں بے قاعدگی، کم توانائی اور غذائی مسائل بھی چوٹوں اور ہڈیوں کی کمزوری سے منسلک ہوسکتے ہیں۔
ماہرین نے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کو اپنے جسم اور صحت سے متعلق معلومات براہ راست فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بہتر صحت اور زیادہ اعتماد کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔اس پروگرام کے تحت ہر خاتون کھلاڑی کو صحت سے متعلق آگاہی اور عملی تربیت کے ساتھ نئی اسپورٹس برا بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

