اوٹاوا( نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں ایشیائی ورثہ ماہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھرپور شرکت کی، جہاں پاکستان کے ثقافتی ورثے، سیاحتی مقامات اور روایتی کھانوں کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کینیڈا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ رندیپ سرائے سمیت دیگر شرکاء نے پاکستانی کھانوں کے منفرد ذائقوں، ملک کے دلکش سیاحتی مقامات اور ثقافتی تنوع کو سراہا۔

اس موقع پر پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت، روایات اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی معلوماتی و نمائشی انتظامات کیے گئے، جنہیں حاضرین کی جانب سے بھرپور دلچسپی حاصل ہوئی۔پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ ایسی تقریبات مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

