کینیڈا میں” سہیل تنویر کرکٹ اکیڈمی” کا افتتاح 12 مئی کو ہوگا

مسی ساگا(انیلازہرا سے)کینیڈا میں ’’سہیل تنویرکرکٹ اکیڈمی ‘‘کے قیام کے سلسلے میں خصوصی عشائیہ اور تعارفی تقریب ’’لاہوری فلیم‘‘ میں منعقد ہوئی، جس میں کمیونٹی رہنماؤں، کرکٹرز، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندوں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں کیلئے کرکٹ اکیڈمی کے منصوبے کو متعارف کرانا اور 12 مئی کو ہونے والی افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی رہنما مرتضیٰ جوئیہ نے کہا کہ کرکٹ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے اور کمیونٹی کو جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروف رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور سہیل تنویرجیسی عالمی شہرت یافتہ شخصیت کا اس منصوبے سے منسلک ہونا نوجوانوں کیلئے حوصلہ افزا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب پہلے 5 مئی کو ہونا تھی تاہم بارش کے باعث پروگرام ملتوی کرکے اب 12 مئی کو رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تقریب میں سیاسی، سماجی، کاروباری اور میڈیا شخصیات سمیت بڑی تعداد میں افراد شرکت کریں گے۔ مرتضیٰ جوئیہ نے کمیونٹی اراکین، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور میڈیا نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ پروگرام کی بھرپور تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

دوسرے مقرر افتخار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں کرکٹ کا معیار پاکستان اور بھارت سے مختلف ہے اسلئے نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری تربیت فراہم کرنے کیلئے پیشہ ورانہ اکیڈمی کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ جب سہیل تنویر کینیڈا آئے تو ان کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

افتخار خان نے کہا کہ سہیل تنویر سے نوجوانوں کیلئے وقت نکالنے اور کرکٹ اکیڈمی کے قیام کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو جدید طرز کی تربیت، رہنمائی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کیلئے سٹی آف برامپٹن سے گراؤنڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ 12 مئی کو باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کرکٹ تنظیموں، کمیونٹی رہنماؤں، میڈیا نمائندوں اور سپورٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب میں’’ کینیڈین سینئرکرکٹ ایسوسی ایشن ‘‘کے نمائندوں نے بھی شرکت کی جبکہ مختلف کرکٹ لیگز اور تنظیموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ مقررین نے اس منصوبے کو نوجوان نسل کیلئے مثبت اور دور رس اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔