کینیڈا نے قطر کیخلاف ورلڈ کپ تاریخ کی پہلی فتح حاصل کرلی

وینکوور (فیفا، رائٹرز، اے ایف پی)فیفا ورلڈ کپ میں میزبان کینیڈا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قطر کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر میگا ایونٹ کی تاریخ میں اپنی پہلی فتح حاصل کرلی، جبکہ جوناتھن ڈیوڈ نے ہیٹ ٹرک اسکور کرکے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

وینکوور میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور میچ کے تقریباً 78 فیصد وقت تک گیند اپنے قبضے میں رکھی، جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔

کینیڈا نے پہلے ہاف میں تین گول اسکور کیے۔ 16ویں منٹ میں لارین نے پہلا گول کیا، جبکہ 29ویں منٹ اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں جوناتھن ڈیوڈ نے دو مزید گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری تین صفر کردی۔

دوسرے ہاف میں بھی کینیڈا کی برتری برقرار رہی۔ 64ویں منٹ میں سلیبہ نے چوتھا گول اسکور کیا، جبکہ 75ویں منٹ میں قطر کے کھلاڑی منائی کی بدقسمتی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف کیا گیا گول کینیڈا کا پانچواں گول ثابت ہوا۔

میچ کے اضافی وقت میں جوناتھن ڈیوڈ نے اپنا تیسرا اور ٹیم کا چھٹا گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، یوں مقابلہ چھ صفر سے کینیڈا کے حق میں ختم ہوا۔اس کامیابی کے ساتھ کینیڈا نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی اور تین قیمتی پوائنٹس سمیٹ کر مجموعی طور پر چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔