میری لینڈ (ایسوسی ایٹڈ پریس، فریڈرک کاؤنٹی شیرف آفس) گاڈزیلا فلموں میں اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کرنے والی امریکی بہری اداکارہ کیلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئی ہیں۔ وہ 18 برس کی تھیں۔
فریڈرک کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق حادثہ منگل کی صبح میری لینڈ کے علاقے آئیمزویل میں پیش آیا، جہاں ایک گاڑی سڑک سے نکل کر پل کے نکاسی آب کے ڈھانچے (کلورٹ) سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق کیلی ہوٹل گاڑی میں دو مسافروں میں شامل تھیں۔ 19 سالہ ڈرائیور کو معمولی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرے مسافر نے طبی امداد لینے سے انکار کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کیلی ہوٹل پیدائشی طور پر بہری تھیں اور امریکن سائن لینگویج (ASL) کے ذریعے گفتگو کرتی تھیں۔ ان کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد بھی سماعت سے محروم ہیں۔
کیلی ہوٹل نے “Godzilla vs Kong” اور “Godzilla x Kong: The New Empire” میں جیا نامی یتیم بچی کا کردار ادا کیا تھا، جو اشاروں کی زبان کے ذریعے کانگ سے رابطہ کرتی ہے۔
ان کی وفات پر ان کی ساتھی اداکارہ ملی بوبی براؤن نے کہا کہ وہ اس خبر سے شدید صدمے میں ہیں اور کیلی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اداکار الیگزینڈر اسکارسگارڈ نے بھی انہیں باصلاحیت اور انتہائی پیشہ ور اداکارہ قرار دیتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کیلی ہوٹل آئندہ ریلیز ہونیوالی فلم “What Doesn’t Kill Us” میں بھی نظر آنے والی تھیں جبکہ وہ 2021ء میں ٹی وی سیریز “Magnum P I” میں بھی اداکاری کر چکی تھیں.ٹیکساس اسکول فار دی ڈیف نے بھی ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ اور عملے کیلئے مشاورتی اور نفسیاتی معاونت کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

