ہاکی ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر کو عالمی اعزاز

واور (اے پی پی) پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے بیلجیئم میں منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ایف آئی ایچ لیجنڈ کی حیثیت سے شرکت کی اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے ارجنٹائن کے کھلاڑی تھامس دومینے کو ٹرافی پیش کی۔

شہباز احمد سینئر کو ہاکی ورلڈ کپ 2026 کی انتظامیہ نے ایف آئی ایچ لیجنڈ کی حیثیت سے فائنل میں شرکت اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو اعزاز پیش کرنے کیلئےخصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔

شہباز احمد سینئر کی قیادت میں پاکستان نے 1994 میں سڈنی میں ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ان کی عالمی ہاکی میں خدمات کے اعتراف میں ایف آئی ایچ نے انہیں ورلڈ کپ کی تقریبات میں خصوصی طور پر مدعو کیا۔

شہباز احمد سینئر نے اس دعوت کو اپنے اور پاکستان کے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی ہاکی میں پاکستان کے شاندار ورثے کا اعتراف ہے۔

ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا فائنل بیلجیئم کے شہر واور میں واقع بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلا گیا، جس میں جرمنی نے اسپین کو 1-0 سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ایف آئی ایچ کے مطابق تھامس دومینے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، جبکہ وہ 9 گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔پاکستان نے طویل عرصے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا اور ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن حاصل کی۔