لندن(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا مایوس کن سفر اختتام کو پہنچ گیا، گرین شرٹس کو اپنے آخری میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لندن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 7-0 سے شکست دے دی، یوں قومی ٹیم ایونٹ کے تمام 16 میچز ہار گئی۔انگلینڈ کی جانب سے نکولس بینڈوراک نے 2 گول اسکور کیے، جبکہ ہنری کرافٹ، زیکری والیس، سیموئل ہوپر، سیموئل ٹیلر اور سام وارڈ نے ایک، ایک گول کیا۔
اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو لیگ میں اپنے تمام 16 میچز میں ناکامی کا سامنا کیا۔پورے ایونٹ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 22 گول اسکور کیے، جبکہ حریف ٹیموں نے گرین شرٹس کے خلاف 79 گول کیے، اس طرح 16 میچز کے اختتام پر پاکستان کا گول فرق منفی 57 رہا۔

