یمن میں لڑائی شدت اختیار کرگئی، 46 ہزار سے زائد افراد بے گھر

صنعا( خبر ایجنسیاں) یمن میں گزشتہ ہفتے سے جاری لڑائی کے باعث 46 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد میں ہر گزرتے گھنٹے اضافہ ہورہا ہے۔ عالمی ادارہ برائے نقل مکانی نے یمن کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی ادارہ برائے نقل مکانی کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ نے کہا کہ کئی خاندان دوسری یا تیسری مرتبہ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں، لڑائی کا دائرہ پھیلنے کے باعث متاثرہ افراد تک امداد پہنچانا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔

ایمی پوپ نے یمن میں لڑائی کے تمام فریقین سے شہریوں اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارکنوں کے ساتھ ساتھ امدادی سامان، گاڑیوں اور مراکز کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے۔عالمی ادارہ برائے نقل مکانی کے مطابق یمن میں حالیہ لڑائی کے نتیجے میں صرف 72 گھنٹوں کے دوران بے گھر ہونے والوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔