راولپنڈی ( آئی ایس پی آر) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف، ایئر چیف اور افواج پاکستان نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔ میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں جبکہ شہدا کے خاندان استقامت، حوصلے اور قربانی کی پائیدار علامت ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

