مظفرآباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اب تک آنیوالے 6 مکمل نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 4 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہے۔
پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوئی، جہاں ووٹروں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) چار نشستیں جیت چکی ہے جبکہ مزید تین حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی دو نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے اور مزید چار حلقوں میں اس کے امیدوار آگے ہیں۔
“مکمل غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج”
ایل اے 1 میرپور 1:تمام 139 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 2 میرپور 2:تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے،(ن)لیگ کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 3 میرپور 3:تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے،مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 4 میرپور 4:تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 7 بھمبر 3:تمام 237 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 9 کوٹلی 2:تمام 178 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ حاصل کر سکے۔
“جن حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے”
ایل اے 5 بھمبر 1:176 میں سے 115 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 21 ہزار 573 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 18 ہزار 406 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 6 بھمبر 2:195 میں سے 128 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 25 ہزار 902 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 14 ہزار 278 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 8 کوٹلی 1:155 میں سے 140 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 18 ہزار 543 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 93 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 10 کوٹلی 3:169 میں سے 36 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 6 ہزار 999 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن 3 ہزار 560 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 11 کوٹلی 4:206 میں سے 103 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 16 ہزار ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 13 ہزار 501 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 12 کوٹلی 5:207 میں سے 40 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 2 ہزار 613 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان ایک ہزار 255 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 13 کوٹلی 6:193 میں سے 132 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 18 ہزار 21 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 11 ہزار 686 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔
13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جن میں ضلع میرپور میں 597، ضلع کوٹلی میں ایک ہزار 107 اور ضلع بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
انتخابات کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوش حال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری عناصر کو مسترد کرتے ہوئے جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

