اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں اہم پہاڑی اور قلعے پر قبضے کا دعویٰ

بیروت(عرب میڈیا، لبنانی میڈیا)اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے اہم پہاڑی علاقے اور ایک قلعے پر قبضہ حاصل کر لیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق قابض اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ میں داخل ہو گئی ہے، جہاں شدید جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی “دفاعی لائن” کو بہتر بنانے کے لیے کارروائی شروع کی ہے اور نبطیہ قلعے کے گرد رات بھر جاری رہنے والی شدید لڑائی کے بعد اس پر قبضہ کر لیا گیا۔اسرائیلی دعوے کے مطابق لبنان کے تقریباً 20 فیصد علاقے اور 2 ہزار مربع کلومیٹر حصے پر ان کی موجودگی یا کنٹرول قائم ہو چکا ہے۔

دوسری جانب لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ کئی افراد اپنے گھروں میں سوئے ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے بعض علاقوں میں اسکول اور ساحلی علاقے بھی بند کر دیے ہیں۔ اسی دوران جنوبی لبنان میں ایک اور اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ادھر مصر نے لبنان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔