اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عوام کا اس انتخابی عمل پر اعتماد تقریباً ختم ہو چکا ہے، جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں۔
پی ٹی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، جبکہ انتخابی میدان میں وہی جماعتیں موجود ہیں جنہیں عوام ماضی میں کئی بار مسترد کر چکے ہیں۔
تحریکِ انصاف نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں، جبکہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق، مسائل اور حقیقی نمائندگی کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حقیقی جمہوریت اسی وقت ممکن ہے جب ہر سیاسی جماعت کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔

