اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزارت داخلہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئےاشتراکِ کار بڑھانے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرام پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں وزراء نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئےمفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی اور باہمی تعلقات کے استحکام میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک مؤثر فریم ورک مرتب کیا جانا چاہیے۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

