اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)مسی ساگا—ایرن ملزسے رکن پارلیمنٹ اقراخالد نے ایوانِ نمائندگان میں مسی ساگا کی معروف سماجی شخصیت اور سینئر صحافی لطاست علی صدیقی کی اہلیہ مرحومہ انجم بیگم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اقراء خالد نے کہا کہ انجم بیگم ایسی شخصیت تھیں جن کی مہربانی، سخاوت اور انسان دوستی نے مقامی برادری کے بے شمار افراد کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے اپنے شوہر لطافت علی صدیقی کے ساتھ مل کر دوسروں کی خدمت اور فلاح و بہبود کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے رکھا۔
رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ انجم بیگم کا گھر اور دسترخوان ہمیشہ لوگوں کیلئے کھلا رہتا تھا اور ان کی میزبانی اور خلوص کو برادری ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انجم بیگم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مرحومہ انجم بیگم کی آخری رسومات میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی تھی، جسے ان کی مقبولیت اور سماجی خدمات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔

