ایڈمنٹن(نمائندہ خصوصی)ایڈمنٹن کے ایک سٹی کونسلر مائیکل جانزنے البرٹا اسمبلی کے قریب سڑک کا نام وفاقِ کینیڈا کے حامی عوامی تحریک کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کر دی۔مائیکل جانز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 99 ویں ایونیو کے حصے کا نام تبدیل کر کے “فاریور کینیڈین ایونیو” رکھنے کیلئےباضابطہ درخواست جمع کرائیں گے.
انہوں نے کہا کہ یہ مقام سیاحوں، طلبہ اور عوامی وفود کی آمد کا اہم مرکز ہے، جہاں لوگوں کو کینیڈا کے حق میں چلائی گئی عوامی مہم کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے گا۔تقریب کے دوران ایک علامتی سرخ و سفید سڑک کا بورڈ بھی پیش کیا گیا، جس پر “فاریور کینیڈین ایونیو” درج تھا۔
یہ نام اس عوامی درخواست سے لیا گیا ہے جس میں البرٹا کو کینیڈا کا حصہ برقرار رکھنے کی حمایت کی گئی تھی، اور جس پر تقریباً 4 لاکھ دستخطوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔تقریب سے خطاب میں سابق نائب وزیرِاعلیٰ تھامس لوکاشک نے کہا کہ موجودہ عالمی اور معاشی حالات میں اندرونی تقسیم ملک کے مفاد میں نہیں۔
دوسری جانب البرٹا میں علیحدگی پسند تحریک سے متعلق سیاسی اور قانونی بحث بھی جاری ہے، جبکہ عدالت ایک علیحدگی ریفرنڈم کی درخواست کو پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔مائیکل جانز نے کہا کہ علیحدگی کی بحث صوبے میں سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔

