امریکااور ایران کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہو رہی:وائٹ ہاؤس

واشنگٹن (رائٹرز) امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ مذاکرات اس وقت تک شروع نہیں ہوں گے جب تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ محسوس نہ ہو کہ ایران بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

کیرولین لیوٹ کے مطابق امریکا نے ایرانی فوج کو نشانہ بنانے کیلئے آپریشن ایپک فیوری کیا تھا، جبکہ اب ایرانی معیشت پر دباؤ بڑھانے کیلئے ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ شروع کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر تمام آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔

لیوٹ نے کہا کہ ایران کی جانب سے بامعنی مذاکرات کیلئےآمادگی ظاہر ہونے تک موجودہ پالیسی جاری رہے گی۔ ادھر قطر کے وزیراعظم کی تہران میں سفارتی کوششوں سمیت خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، تاہم واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔