امریکا اور اسرائیل شکست چھپانے کیلئےتقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں: مجتبیٰ خامنہ ای

تہران(وانا نیوز ایجنسی، ایرانی سرکاری میڈیا، ایرانی وزارتِ خارجہ، بین الاقوامی میڈیا)ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل اپنی فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئےایران کے اندر اختلافات اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا اور وانا نیوز ایجنسی کے مطابق پارلیمنٹ کے نئے اجلاس کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن نے پہلے ایران پر جنگ مسلط کی، اقتصادی دباؤ بڑھایا اور سیاسی و میڈیا محاذ پر محاصرہ کیا، تاہم ان اقدامات میں ناکامی کے بعد اب وہ ایرانی قوم کے اندر انتشار پیدا کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد اپنی فوجی شکستوں کا ازالہ کرنا اور ایرانی عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے عوام، سیاسی جماعتوں اور مختلف طبقات پر زور دیا کہ وہ قومی اتحاد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور اختلافات کو تصادم میں تبدیل نہ ہونے دیں۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بندر عباس کے قریب امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل امریکا کو اس کارروائی پر جوابدہ ٹھہرائے۔

ایرانی حکام کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ فوجی محاذ پر بھی تناؤ جاری ہے۔