واشنگٹن(ایجنسیاں) امریکی عدالت نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کیلئےامیگرنٹ ویزا کارروائیاں روکنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کالعدم قرار دے دی۔نیویارک کی ڈسٹرکٹ جج جینیٹ ورگاس نے تارکینِ وطن کے حقوق کی تنظیموں کی جانب سے دائر مقدمے میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ محکمۂ خارجہ کی جنوری میں نافذ کی گئی ویزا پالیسی قانونی اختیارات سے تجاوز کرتی ہے اور وفاقی امیگریشن قانون سے متصادم ہے۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے پاس مذکورہ پالیسی نافذ کرنے کے لیے مطلوبہ قانونی اختیار نہیں تھا۔پاکستان کے علاوہ بنگلادیش، ایران اور روس سمیت مجموعی طور پر 75 ممالک کے شہری اس پالیسی سے متاثر ہوئے تھے۔ امریکی محکمۂ خارجہ نے جنوری میں ان ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزا کارروائیاں روک دی تھیں۔امریکی محکمۂ خارجہ کا مؤقف تھا کہ ان ممالک کے شہری امریکا میں عوامی بوجھ بن سکتے ہیں۔عدالتی فیصلے پر امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

