امریکی معیشت کو نقصان پہنچاسکتےہیں،ڈگ فورڈ کی ٹرمپ کو دوٹوک وارننگ

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ کینیڈا امریکی ٹیرف کا ایسا جواب دے سکتا ہے جس سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچے گا، ان کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے پاس امریکی اقدامات کا جواب دینے کے لیے مؤثر راستے موجود ہیں۔

ڈگ فورڈ نے امریکا کے ان شعبوں کا حوالہ دیا جن میں واشنگٹن کینیڈا پر انحصار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دیکھنا چاہیں گے کہ امریکا کینیڈا کے تیل کے بغیر گاڑیاں کیسے چلاتا ہے اور پوٹاش کے بغیر سبزیاں اور پھل کیسے اگاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا اپنی صنعتوں اور معیشت کے تحفظ کیلئےپیچھے نہیں ہٹے گا، جبکہ موجودہ تجارتی تنازع کے دوران کینیڈین عوام کو متحد رہنا ہوگا۔امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد امریکا نے کینیڈین مصنوعات پر نئے ٹیرف نافذ کردیے ہیں۔ امریکا نے کینیڈا کی 20 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ کینیڈا امریکی اقدامات کے جواب میں 8 ستمبر سے جوابی ٹیرف نافذ کریگا۔ڈگ فورڈ نے امریکا کے ساتھ تجارتی تنازع پر کینیڈا میں پائی جانیوالی بے چینی اور غصے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے سخت مؤقف کو دہرایا اور کہا کہ کینیڈا کو اپنے مفادات کے دفاع کیلئے مضبوط اور متحد ردعمل دینا ہوگا۔