ایران نے کروز میزائل صلاحیت سے لیس تیز رفتار جنگی کشتی “27 رجب” متعارف کرا دی

تہران(فارس نیوز ایجنسی)ایران نے بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ایک نئی فاسٹ اٹیک جنگی کشتی”27 رجب” کی رونمائی کر دی ہے جو طویل فاصلے تک کروز میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق اس کشتی کی باضابطہ رونمائی تہران کے انقلاب اسکوائر میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق یہ جدید جنگی کشتی 100 ناٹس (تقریباً 185 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے باعث اسے دنیا کی تیز رفتار فوجی بحری کشتیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کشتی جدید میزائل نظام سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے ایران کی بحری جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔حکام نے اس منصوبے کو ایران کی عسکری خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔