برطانیہ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور گرج چمک کا الرٹ جاری

لندن (میٹ آفس/برطانوی میڈیا)برطانوی محکمۂ موسمیات نے انگلینڈ اور ویلز کے مختلف علاقوں میں بدھ اور جمعرات کو شدید بارش اور گرج چمک کے پیش نظر یلو وارننگ جاری کردی۔

میٹ آفس کے مطابق گرم اور مرطوب موسم کے باعث بدھ کو شدید بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ انگلینڈ اور ویلز کے بڑے حصے اس وارننگ سے متاثر ہوں گے۔

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں مختصر وقت کے دوران 20 سے 30 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ چند مقامات پر 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران 40 سے 50 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے، جس سے مقامی سطح پر سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شدید بارش کے ساتھ بار بار آسمانی بجلی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کا امکان بھی موجود ہے۔

جمعرات کو بھی انگلینڈ اور ویلز کے بڑے حصے میں گرج چمک کے ساتھ شدید اور طویل بارش کا امکان ہے۔ میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں بارش کی شدت بڑھنے سے مقامی سیلاب کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

شدید موسم کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے، ٹریفک میں خلل اور ٹرین و دیگر سفری سہولیات متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو تازہ ترین موسم اور وارننگز سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔