اسلام آباد(ایجنسیاں) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش پر کہا ہے کہ بغیر شرائط کے آئیے مل کر بات کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راجا ناصر عباس نے کہا کہ وزیراعظم تقاریر میں مذاکرات کی باتیں کرنے کے بجائے محمود خان اچکزئی کو کال کریں، رابطہ کریں اور بات کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو خود شریک ہونا چاہیے، حکومت کے اتحادی اور تمام اہم لوگ ہیں، انہیں اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ایسا بھی نہیں کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا ہو جسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا، یہ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں جو احتجاج میں شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں پاکستان کے نوجوان اور اس کا مستقبل ہیں، آپ ان سے کیوں خوفزدہ ہیں؟ احتجاج کرنا، سوال اٹھانا اور پریس کانفرنس کرنا زندگی کی علامت ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آپ جو بیرون ملک مذاکرات اور بات چیت کروا رہے ہیں، یہاں بھی یہی کریں، وزیراعظم واقعی سنجیدہ ہیں تو انہیں رابطہ کرنا چاہیے۔راجا ناصر عباس نے کہا کہ بیرون ملک مذاکرات کی کوششوں کا 10 فیصد بھی پاکستان میں کریں تو مسائل حل ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ لانگ مارچ اور دھرنا ختم کریں، اس کے بعد حکومت مذاکرات کرے گی۔

