بھوپال(بھارتی میڈیا)بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں دو ماہ کی حاملہ خاتون توئشا شرما کی پراسرار موت نے سنسنی پھیلا دی ہے، جبکہ اہلخانہ نے شوہر اور سسرالیوں پر شدید تشدد اور جہیز کیلئے ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 31 سالہ توئشا شرما، جو ایم بی اے گریجویٹ اور سابق ماڈل تھیں، 12 مئی کو اپنے گھر میں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ پولیس نے واقعے کو ابتدائی طور پر مشتبہ خودکشی قرار دے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
متوفیہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سے توئشا کو مسلسل ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا تھا اور اسے جہیز کے مطالبات پر بھی دباؤ میں رکھا جاتا تھا۔پولیس نےشوہر سمارتھ سنگھ اور ان کی والدہ کیخلاف جہیز ہراسانی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کیس کی تفتیش کیلئے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔
اہلخانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے کے وقت توئشا کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے جبکہ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ اور عدالتی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ساس نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ توئشا ذہنی دباؤ اور نشہ آور اشیا کے استعمال کی عادی تھی، تاہم اہلخانہ نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کی اصل حقیقت سامنے لانے کیلئےشواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

