بھارت: شادی سے انکار پر خاتون کا ڈیڑھ سالہ بیٹا قتل،زخمی ملزم گرفتار

فیروز آباد، بھارت(بھارتی میڈیا، پولیس)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں شادی سے انکار کے بعد ایک افسوسناک واقعے میں خاتون کے ڈیڑھ سالہ بیٹے کو قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم جتیندر پاٹھک عرف وراج نے خاتون رتی سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم خاتون نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ پہلے ہی ایک بچے کی ماں ہے۔ اس انکار کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر بچے کو اپنی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہوئے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق ملزم بچے کو ٹافی دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا اور بعد ازاں اسے زمین پر پٹخ کر ہلاک کر دیا۔ واقعے کے وقت بچہ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

بعد میں پولیس کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی، جس کے جواب میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں وہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول، پانچ کارتوس اور دو خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔