واشنگٹن( بین الاقوامی میڈیا، امریکی محکمۂ داخلی سلامتی)امریکی محکمۂ داخلی سلامتی نے واضح کیا ہے کہ گرین کارڈ کے حصول کیلئےدرخواست دینے والے بیشتر تارکینِ وطن کو اپنی درخواستوں کی جانچ کے دوران امریکا چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی شہریت و امیگریشن سروسز کے ایک اعلان کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ گرین کارڈ کے امیدواروں کو اپنے آبائی ممالک واپس جا کر فیصلے کا انتظار کرنا پڑے گا، جس پر تارکینِ وطن اور امیگریشن ماہرین میں تشویش پائی جا رہی تھی۔
محکمۂ داخلی سلامتی نے وضاحت کی ہے کہ یہ کوئی نئی پالیسی نہیں بلکہ امیگریشن افسران کو پہلے سے موجود اختیارات کی یاددہانی ہے، جن کے تحت ہر درخواست کا جائزہ انفرادی بنیادوں پر لیا جاتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ویزا کی مدت سے زیادہ قیام، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی یا دیگر مخصوص قانونی مسائل بعض درخواست گزاروں کے کیسز کو متاثر کر سکتے ہیں، تاہم ایسے معاملات کا فیصلہ الگ الگ حقائق کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
محکمۂ داخلی سلامتی کا کہنا ہے کہ گرین کارڈ کے خواہش مند افراد کی بڑی اکثریت موجودہ طریقۂ کار کے تحت امریکا میں رہتے ہوئے ہی اپنی درخواستوں کے نتائج کا انتظار کر سکتی ہے اور اس حوالے سے کسی بڑی پالیسی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
حکام نے کہا ہے کہ مستقل رہائش کیلئے درخواست دینے والوں کو اپنی انفرادی صورتحال کے مطابق امیگریشن قوانین اور ضوابط پر عمل کرنا چاہیے۔

