خلیجِ عمان میں امریکی کارروائی، ایران جانے والا تجارتی جہاز ناکارہ بنا دیا گیا

خلیجِ عمان( رائٹرز، اے ایف پی، امریکی فوجی بیان)امریکی سینٹرل کمانڈ امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجِ عمان میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔

سینٹکام کے مطابق گیمبیا کا پرچم بردار یہ جہاز ایرانی بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا تھا اور اسے متعدد بار وارننگ دی گئی تھی کہ وہ امریکی ہدایات کے مطابق راستہ تبدیل کرے، تاہم عملے نے حکم کی تعمیل نہیں کی۔

امریکی فوج کے بیان کے مطابق بعد ازاں ایک فوجی طیارے نے جہاز کے انجن روم کو فضا سے داغے گئے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا اور اس کی ایران کی جانب پیش رفت رک گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد جہاز خلیجِ عمان میں معطل حالت میں موجود ہے اور امریکی فورسز نے اس پر براہِ راست قبضہ نہیں کیا۔

سینٹکام نے اس کارروائی کو ایران کے ساتھ منسلک سمندری راستوں پر جاری پابندیوں کے نفاذ کا حصہ قرار دیا ہے۔امریکی حکام کے مطابق 29 مئی تک 100 سے زائد تجارتی جہازوں کا رخ موڑا جا چکا ہے جبکہ متعدد دیگر جہازوں کو بھی ہدف بنا کر ان کی نقل و حرکت محدود کی گئی ہے تاکہ وہ ایرانی بندرگاہوں تک نہ پہنچ سکیں۔