نئی دہلی(بھارتی میڈیا)دہلی کی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے گائے، بچھڑے، اونٹ اور بعض دیگر جانوروں کی قربانی کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق صوبائی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
کپل مشرا کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ سڑکوں، گلیوں اور دیگر عوامی مقامات پر قربانی کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ قربانی صرف حکومت سے منظور شدہ مقامات پر ہی کی جا سکے گی۔
ہدایت نامے کے مطابق قربانی کے فضلے کو نالوں، سیوریج لائنوں یا عوامی مقامات پر پھینکنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکومت نے جانوروں کی غیر قانونی خرید و فروخت، نقل و حمل اور غیر قانونی ذبح کے خلاف خصوصی نگرانی اور سخت کارروائی کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
دہلی حکومت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ قوانین کے تحت اونٹ کے ذبیحے کی اجازت نہیں جبکہ دہلی زرعی مویشی تحفظ قانون 1994ء کے تحت گائے اور بچھڑے کے ذبیحے پر پہلے ہی پابندی نافذ ہے۔یہ ہدایات تمام ضلعی مجسٹریٹس، پولیس حکام اور میونسپل اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

