راولپنڈی(آئی ایس پی آر، خبر ایجنسیاں)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی ارکانِ کانگریس کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وفد میں امریکی ریاست مونٹانا سے رکن کانگریس رائن کیتھ زنکے اور ریاست واشنگٹن سے مائیکل جیمز شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کے اشتراک اور پاکستان و امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام میں مضمر ہے۔انہوں نے کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے جاری اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔وفد نے مہمان نوازی پر پاکستان کی عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

