سرگودھا: طالبہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم اسپتال میں ہلاک

سرگودھا( نامہ نگار)سرگودھا میں طالبہ کے اغوا اور اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں گرفتار زخمی مرکزی ملزم اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز پولیس اور محکمہ انسدادِ جرائم کی کارروائی کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے 6 ملزمان میں سے مرکزی ملزم دورانِ علاج ہلاک ہوگیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیگر 5 زخمی ملزمان تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال شاہپور میں زیرِ علاج ہیں، جہاں انہیں سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے تقریباً 20 روز قبل ایک طالبہ کو اغوا کرنے کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ زیرِ حراست دیگر ملزمان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔