بیجنگ (ایجنسیاں) چینی صدر شی جن پنگ نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے سیاسی سمجھوتے کو ترجیح دینے اور دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مسئلے کے پائیدار حل کیلئے چار اصولوں پر عمل ضروری ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ پہلا اصول یہ ہے کہ سیاسی سمجھوتے کو ترجیح دے کر فلسطین کے مسئلے کا دو ریاستی حل نکالا جائے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا اصول یہ ہے کہ مغربی کنارے اور جنگ کے بعد غزہ میں رہنے والے فلسطینی عوام کی حکمرانی فلسطینی ہی کریں۔
شی جن پنگ کے مطابق تیسرے اصول کے تحت انسانی ہمدردی کو مقدم رکھا جائے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ چوتھا اصول انصاف اور برابری کو ملحوظ خاطر رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل ایسا ہونا چاہیے جو انصاف، امن اور خطے کے عوام کے بنیادی حقوق کو یقینی بنائے۔

