لاہور (نمائندہ خصوصی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر فیصل آباد نے صحافی سجاد انور کو مبینہ طور پر حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف نازیبا، جارحانہ اور ریاست مخالف مواد اپ لوڈ، شیئر اور وی لاگ کرنے کے الزام میں طلب کرلیا۔
سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر فیصل آباد کی جانب سے 24 جولائی 2026ء کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق سجاد انور کیخلاف دفعہ 160 ضابطہ فوجداری کے تحت انکوائری نمبر ENQ-CCRC-FSD-1277/26 درج کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ انکوائری میں سجاد انور کے خلاف حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں کیخلاف مبینہ طور پر نازیبا، جارحانہ اور ریاست مخالف مواد اپ لوڈ، شیئر اور وی لاگ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سجاد انور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 جولائی کو صبح 10 بجے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر فیصل آباد میں ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنا مؤقف ریکارڈ کرائیں۔
نوٹس کے مطابق سجاد انور کو اپنا اصل اور نقل شدہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ، صحافی کی حیثیت سے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، ایکریڈیٹیشن کارڈ یا حیثیت ثابت کرنیوالی کوئی دستاویز، جبکہ متعلقہ مواد کی تخلیق، ذخیرہ یا اشاعت کیلئےاستعمال ہونیوالے تمام ڈیجیٹل آلات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں یہ تصور کیا جائیگا کہ متعلقہ شخص کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا بیان کرنے کیلئے کچھ نہیں۔نوٹس پر سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر فیصل آباد کے سب انسپکٹر امیر سلطان کے دستخط موجود ہیں۔

